لکھنؤ،19؍فروری (ایس اونیوز/آئی این ایس انڈیا )وزیر اعلی اکھلیش یادو نے آج اٹاوہ میں اپنے آبائی گاؤں سیفئی میں ووٹ ڈالنے کے بعد کہا کہ سماج وادی پارٹی آنے والے وقت میں آگے بڑھے ،اس لیے سماج وادی پارٹی کو ووٹ دیا ہے۔اس پر صحافیوں نے جب پوچھا کہ ووٹ دینے کے بعد بتایا نہیں جاتا ہے کہ کس کو ووٹ دیا گیاہے ، تو اکھلیش نے کہا کہ آپ کے پوچھے جانے پر بتا رہا ہوں۔دراصل پچھلے دنوں اٹاوہ میں خطاب کرتے ہوئے اکھلیش یادو نے اپنے چچا شیو پال پر بالواسطہ طور پر طنز کسا تھا اور سبق سکھانے کی بات کہی تھی، اسی پس منظر پر مانا جا رہا ہے کہ انہوں نے وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے ایس پی کو ووٹ دیا ہے۔اس درمیان ان سے پوچھا گیا کہ اٹاوہ میں آج شیو پال یادو کے قافلے پر حملہ ہو گیا ہے ،تو وزیر اعلی نے کہا کہ اس بارے میں انہیں کوئی معلومات نہیں ہے۔حالانکہ اس بار اکھلیش اکیلے ہی ووٹ دینے کے لیے آئے،خاندان کے رکن کے طور پر صرف دھرمیندر یادو ساتھ میں تھے، جب اکھلیش سے پوچھا گیا کہ والد ملائم سنگھ یادو کے ساتھ وہ ووٹ ڈالنے کیوں نہیں آئے ؟تو انہوں نے جواب ٹالتے ہوئے کہا کہ یہ تو آپ کے دیکھنے کا نظریہ ہے۔حالانکہ صحافیوں کے بار بار اصرار کرنے کے باوجود اپنے چچا شیو پال کا نام نہیں لیا ،لیکن اتنا کہا کہ وہ ریاست کی خوشحالی اور ترقی کے لیے چاہتے ہیں کہ سماج وادی پارٹی کے زیادہ سے زیادہ امیدوار الیکشن میں جیت درج کریں ۔جب ان سے پوچھا گیا کہ سماج وادی پارٹی میں مچے گھمسان کے درمیان کیا پارٹی میں اندرونی سازش ہونے کی گنجائش ہے؟ تو انہوں نے کہا کہ اس بار زبردست ووٹنگ ہو رہی ہے، ایسے میں جب بڑے پیمانے پر ووٹنگ ہوتی ہے تو اندرونی سازش کی گنجائش کم ہو جاتی ہے۔اس کے ساتھ ہی انہوں نے یہ بھی کہا کہ اس تیسرے مرحلے کے ساتھ تقریبا آدھا الیکشن ختم ہو جائے گا، سائیکل کے ہینڈل پر کانگریس کے ہاتھ کی وجہ سے یہ اتحاد واضح اکثریت کے ساتھ اقتدار میں آئے گا کیونکہ ابھی تک دونوں مراحل میں یہ اتحاد سب سے آگے چل رہا ہے۔مایاوتی کے حوالے سے سوال پوچھے جانے پر انہوں نے کہا کہ بی ایس پی کافی پیچھے چلی گئی ہے۔